شہریوں کو پانی کی فراہمی کا نیا پراجیکٹ جلد شروع کیا جائیگا،ایم ڈی واسا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے جائیکا کے نئے پراجیکٹ کیلئے سروے ٹیم کیساتھ مکمل انفارمیشن شیئر کرنے کی ہدایت کی جبکہ واضح کیا ہے سروے کے دوران درپیش تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔ جائیکا سروے ٹیم کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جائیکا کی جانب سے شہریوں کو پانی کی فراہمی کا نیا پراجیکٹ شروع ہونے جا رہا ہے جس کے لئے ابتدائی سروے شروع کر دیا گیا ہے اس لئے واسا فیصل آباد کے متعلقہ افسران اور سٹاف ان کی مکمل معاونت کرے گا۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ جھنگ برانچ کینال پر واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جس کے لئے ابتدائی طور پر سروے شروع کردیا گیا ہے جو کہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی میں بہتری کے منصوبے پر توجہ مرکوز ہے۔ اجلاس میں جائیکا سروے ٹیم کے ساتھ ڈی ایم ڈی ایڈمن شعیب رشید، ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی حنا سلیم، ڈائریکٹر واٹر سجاد اللہ، ڈائریکٹر جائیکا پراجیکٹ ڈاکٹر عثمان لطیف، ڈپٹی ڈائریکٹرز بریرہ ناصر، رانا تصور حسین، حافظ معین احمد، جائیکا کنسلٹنٹ سلطان اعظم و دیگر بھی شریک تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں