سرگودھا (بیوروچیف) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرِ صدارت ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا، جس میں شوگر کین کرشنگ سیزن سے قبل روڈ سیفٹی اقدامات، سموگ مٹیگیشن مہم 2026ـ27ئ، گندم و آٹے کی اسمگلنگ کی روک تھام اور نہری پانی چوری کے خلاف جاری مہم کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن، تمام ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز، چیف انجینئر محکمہ آبپاشی، ایس پی پنجاب ہائی وے پٹرول، ڈائریکٹر زراعت توسیع، ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسرز، سیکرٹریز ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ شوگر کین کرشنگ سیزن کے دوران ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر روڈ سیفٹی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ گنے سے لدی ٹرالیوں پر ریفلیکٹرز کی تنصیب، اوورلوڈنگ کی روک تھام اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کے لیے متعلقہ محکمے مربوط حکمت عملی اپنائیں۔انہوں نے سموگ کے تدارک کے لیے جاری مہم پر مؤثر عمل درآمد، ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے عوامل کے خلاف کارروائی اور حکومتی ایس او پیز کی پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں گندم و آٹے کی غیر قانونی نقل و حمل، اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام سمیت آٹے کی وافر دستیابی یقینی بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مؤثر نگرانی اور باہمی رابطہ کاری کے ذریعے حکومتی پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔نہری پانی چوری کے معاملے پر کمشنر حافظ شوکت علی نے محکمہ آبپاشی، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ پانی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ پانی چوری میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری یقینی بنائی جائے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے فیلڈ مانیٹرنگ مؤثر بنائی جائے۔کمشنر حافظ شوکت علی نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ حکومتی اقدامات پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنائیں، مقررہ اہداف کے حصول کے لیے پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیں اور عوامی مفاد سے متعلق امور میں غفلت سے گریز کریں۔




