شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور قانون کی بالادستی پولیس کی ذمہ داری ہے

ساہیوال ( بیوروچیف) امن و امان کی مجموعی صورتحال، جرائم کی روک تھام اور جاری پولیس آپریشنز کی کارکردگی کے جائزے کے لیے ریجنل پولیس آفس ساہیوال میں اعلیٰ سطحی کرائم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت ریجنل پولیس آفیسر ساہیوال ریجن محمد ایاز سلیم نے کی۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال محمد عثمان ٹیپو، ریجنل آفیسر سی سی ڈی ساہیوال، ایس پی انوسٹی گیشن سمیت ضلع بھر کے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ضلع میں امن و امان کی صورتحال، سنگین و عام نوعیت کے جرائم، زیر تفتیش مقدمات کی پیش رفت، اشتہاری و خطرناک ملزمان کی گرفتاری، منظم جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں اور پولیس کارکردگی کا تفصیلی جائز ہ لیا گیا۔آر پی او ساہیوال نے افسران کو ہدایت کی کہ جرائم کے مؤثر سدباب کے لیے فیلڈ میں پولیس کی موجود گی اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ زیر تفتیش مقدمات کو میرٹ، شفافیت اور مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیا جائے جبکہ اشتہاری و خطرناک ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں مزید فعال اور متحرک کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور قانون کی بالادستی پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں