فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) شہری کو اغواء کر کے بھتہ وصول کرنے والا پولیس کا سب انسپکٹر نکلا، سی پی او صاحبزادہ بلال عمر کے نوٹس پر بٹالہ کالونی پولیس نے سابق ایس ایچ او فیڈمک سب انسپکٹر محسن کموکا’ اس کے ساتھیوں تنویر ولد آصف’ نور اکبر ولد عبدالغفار اور شہزاد رضا کے خلاف مقدمہ درج کر لیا’ ایس پی لائلپور ٹائون نے سب انسپکٹر کو معطل کر کے اے ایس پی گلبرگ کو انکوائری کا حکم دے دیا۔ تفصیل کے مطابق 224 رب وزیر خان والی کی رہائشی عابدہ نسیم بیوہ اﷲ رکھا نے بتایا کہ وہ اپنے بھائیوں کیساتھ رہتی ہے، 11اپریل کو دن دیہاڑے اس کے بھائی اعجاز ولد مختار جو کہ کباڑ کی دکان پر مزدوری کرتا ہے۔ سب انسپکٹر محسن کموکا اپنے ساتھیوں کے ہمراہ آیا اسکو اٹھا کر جھنگ روڈ کی طرف لے گئے اور محبوس بنا کر تشدد کرتے رہے اور بعدازاں اسکو فون کرکے رہائی کے بدلے 2لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تو اس نے بڑی مشکل سے دو لاکھ کی رقم جھنگ روڈ پر ٹرک سٹینڈ کے قریب ملزمان کو دی تو کچھ دیر بعد اعجاز کو وہاں اتار کر چلے گئے۔ جس پر بٹالہ کالونی پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ بھتہ وصول کرنے والا سب انسپکٹر محسن کموکا تھانہ فیڈمک کا ایس ایچ او اور حال تعینات تھانہ گلبرگ میں ایس ایس آئی او یو (SSIOU) کا انچارج ہے۔ جس نے جھنگ روڈ پر بائو والا کے قریب نجی ٹارچر سیل بنا رکھا ہے اور شہریوں کو محبوس بنا کر بھتہ وصول کرتا ہے۔ ایس ایچ او تھانہ جھنگ بازار اقبال فرید نے چھاپہ مار کر دو پولیس اہلکاروں گلفام اور مولوی مقدس سمیت 4 افراد کو بازیاب کروالیا۔




