ٹھیکریوالہ (نامہ نگار) 68چک میں سابقہ دشمنی اور مقدمات کی پیروی کرنے کی رنجش پر شہری کو فائرنگ کرکے قتل کرنیوالے 3ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا،تفصیلات کے مطابق تھانہ ٹھیکریوالہ کے علاقہ 68چک میں ملزمان نے سابقہ دشمنی اور مقدمات کی پیروی کرنے کی رنجش پر محمد شہباز کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا، جس کے بعد پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کی۔ایس ایچ او تھانہ ٹھیکری والا طاہر شبیر نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے قتل کی واردات میں ملوث تینوں ملزمان ندیم، احسان اور محبوب کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔سی پی او فیصل آباد نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، قتل جیسے سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور گرفتار ملزمان کو قرار واقعی سخت سزا دلوائی جائے گی۔




