شہر کی4اہم شاہرات کی مرمت اور بحالی کا کام مکمل

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر شہر کی4، اہم شاہرات کی مرمت اور بحالی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔جی سی ویمن یونیورسٹی سے سوساں روڈ، جڑانوالہ روڈ کوہ نور چوک تا جی سی ویمن یونیورسٹی ، ملت روڈ اور279روڈ پر سیور پائپ لائن بچھا کر معیاری تعمیر و مرمت کی گئی ہے جس کی بدولت شہریوں کو آرام دہ سفری سہولت میسر اوردیرینہ مسائل کا ازالہ ہوا ہے۔کمشنر فیصل آبادڈاکٹر عمرا ن حامد شیخ نے بتایا کہ روڈز کی مرمت و بحالی کے لئے ڈیڈ لائنز مقرر کی گئی تھیں جن کی وقفہ وقفہ سے انسپکشن کا عمل بھی جاری رہا اور تمام روڈز واسا اور ہائی ویز نے مقررہ ٹائم فریم میں مکمل کرادیئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جڑانوالہ روڈ پر میٹرو بس پراجیکٹ کے تعمیراتی کاموں کے باعث شہریوں کو متبادل ہموار راستوں کی دستیابی ترجیح ہے اور جڑانوالہ روڈ سے جی سی ویمن یونیورسٹی تک کارپٹ روڈ سے متبادل راستہ اور دیگر ملحقہ علاقوں تک بآسانی رسائی یقینی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ یہ روڈخستہ خالی کا شکار تھا جسے تیز رفتاری سے مکمل کراکر شہریوں کو سہولت فراہم کی گئی ہے۔کمشنر نے بتایا کہ اس سے قبل جی سی ویمن یونیورسٹی سے سوساں روڈ کو بھی ریکارڈ وقت میں مکمل کرایا گیا۔اسی طرح2 سال سے تعطل کے شکار ملت روڈ کی مرمت و بحالی اور کارپٹنگ سے عوام الناس نے سکھ کا سانس لیا۔انہوں نے بتایا کہ قبل ازیں 279 روڈ پرشدید عوامی مطالبہ پر سیور لائن بچھا کر روڈ کا پیچ ورک کرادیا گیا تھا۔دریں اثنا سڑکوں پر سفر کرنے والے افراد نے معیاری اور تیز رفتار بحالی پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ اداکرتے ہوئے معیارپر اپنے اطمینان کا اظہار بھی کیا ہے۔ادھر جی سی ویمن یونیورسٹی کی طالبات اور فیکلٹی ممبران نے سہولت ملنے پر کمشنر فیصل آباد کا شکریہ ادا کیا۔مینیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر انجینئرنگ شعیب ضیا کے ہمراہ ملت روڈ سائٹ کا دورہ بھی کیا۔ایم ڈی واسا نے کمشنر کو روڈ کی بروقت بحالی کی یقین دہانی کرائی تھی جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے واسا فیصل آباد انتظامیہ نے ملت روڈ کی بحالی کو بروقت مکمل کرکے محکمہ پر عوام کا اعتماد بحال کردیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں