لاہور ( بیو رو چیف )پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹر یشن کی مدت اور فیس میں تبدیلی کی تجویز سامنے آگئی، جس کے تحت سکولوں کو 4سال کے لیے رجسٹر کرنے اور فیس سکول کی ماہانہ فیس کے تناسب سے مقرر کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔مجوزہ نئے قواعد و ضوابط کے مطابق 1500روپے ماہانہ فیس لینے والے سکول کی رجسٹر یشن فیس 10 ہزار روپے مقرر کرنے کی تجویز ہے، جبکہ 2500 روپے تک ماہانہ فیس والے سکولوں سے رجسٹر یشن کی مد میں 20ہزار روپے وصول کیے جائیں گے ۔ اسی طرح 5ہزار روپے تک ماہانہ فیس لینے والے سکول کی رجسٹریشن فیس 50ہزار روپے جبکہ 10 ہزار روپے ماہانہ فیس والے سکول کی رجسٹریشن فیس ایک لاکھ روپے مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ مجوزہ قواعد کے تحت 20ہزار روپے ماہانہ فیس لینے والے سکولوں کی رجسٹریشن فیس 2لاکھ روپے ہوگی۔، جبکہ 20 ہزار روپے سے زائد ماہانہ فیس وصول کرنے والے سکولوں کے لیے رجسٹریشن فیس 10 لاکھ روپے مقرر کرنے کی تجویز ہے۔ذرائع کے مطابق مذکورہ فیس کی ادائیگی پر سکولوں کو 4 سال کے لیے رجسٹریشن جاری کی جائے گی۔ نئے لائسنس کے بعد رجسٹریشن کی تجدید کے وقت مقررہ رجسٹریشن فیس کا 50 فیصد ادا کرنا ہوگا۔پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن سے متعلق نئے قواعد و ضوابط کی منظوری کابینہ کمیٹی سے لینے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ منظوری کے بعد رجسٹریشن کے نئے طریقہ کار اور فیسوں کا اطلاق کیا جائے گا۔




