فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)صفائی ستھرائی کیلئے کروڑوں کے فنڈز کی فراہمی اور کوڑا ٹیکس کے ساتھ ساتھ جگا ٹیکس کی بھی وصولی کے باوجود شہر میں جگہ جگہ کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگ گئے، لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا، تفصیل کے مطابق ستھرا پنجاب ایجنسی فیصل آباد کی ناقص کارکردگی نے شہریوں کے ناک میں دم کر رکھا ہے، شہر کے دیگر علاقوں کی طرح اسلامیہ کالج سرگودھا روڈ پر بھی کوڑے اور گندگی کے ڈھیر جمع ہو گئے ہیں، قبل ازیں اس حوالے سے”ڈیلی بزنس رپورٹ” فیصل آباد میں نشاندہی کی گئی جس پر وہاں پر صفائی ستھرائی کروا دی گئی مگر کچھ دنوں بعد صورتحال پھر پہلے جیسی ہو گئی ہے، اسلامیہ کالج سرگودھا روڈ کے سامنے کوڑے کے ڈھیر طالب علموں اور راہگیروں کیلئے اذیت کا باعث بن رہے ہیں، علاوہ ازیں ستھرا پنجاب ایجنسی فیصل آباد کی ناقص کارکردگی کے باعث فیصل آباد میں صفائی کی صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے، شہری و دیہی علاقوں کی گلیاں ، بازار گندگی سے اٹے پڑے ہیں، عوامی سماجی حلقوں نے وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ فیصل آباد میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال کا فوری نوٹس لیکر ذمہ داران کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور اہل افسران و ملازمین کو ذمہ داریاں سونپ کر صفائی ستھرائی کا معیار بہتر بنایا جائے۔




