ساہیوال(بیورو چیف)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ساہیوال میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی ستھرائی کے نظام کی مؤثر نگرانی کے لیے فیلڈ مانیٹرنگ سکواڈ تشکیل دے دیا گیا۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے فیلڈ سکواڈ کے اہلکاروں کو گاڑیوں کی چابیاں اپنے ہاتھوں سے حوالے کیں۔ اس موقع پر ایم ڈی ستھرا پنجاب شاہد ندیم رانا، ڈسٹرکٹ منیجر صعیب طارق اور فیلڈ مانیٹرنگ افسران بھی موجود تھے۔ متعلقہ افسران نے کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کو فیلڈ مانیٹرنگ سکواڈ کی ذمہ داریوں اور صفائی کے نظام کی نگرانی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ فیلڈ مانیٹرنگ سکواڈ ساہیوال شہر کے مختلف علاقوں، قصبات اور دیہات میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کی باقاعدگی سے نگرانی کرے گا۔ سڑکوں، چوک چوراہوں اور دیگر عوامی مقامات پر کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں کی نشاندہی کرکے موقع پر جرمانے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اپنے گھروں، دکانوں اور کمرشل مارکیٹوں کا کوڑا کرکٹ سڑکوں یا چوک چوراہوں پر پھینکنے کے بجائے ڈسٹ بن یا ستھرا پنجاب کی جانب سے رکھے گئے کنٹینرز میں ڈالیں۔ صفائی کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقررہ قوانین کے مطابق بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ ”ساہیوال شہر ہمارا گھر ہے، اسے صاف ستھرا رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔” شہری صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے انتظامیہ اور ستھرا پنجاب ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کا مقصد شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے، جس کے لیے فیلڈ میں مؤثر مانیٹرنگ اور قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔




