عیدالاضحی پر فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات کئے گئے’ قربانی کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کے بعد گلیوں’ محلوں اور سڑکوں کو جس طرح دھویا گیا اسے دیکھ کر دل بے اختیار یہ پکار اٹھا، ”ویسٹ ورکرز زندہ باد”۔ ستھرا پنجاب ایجنسی فیصل آباد کے ایم ڈی عابد حسین بھٹی خداداد صلاحیتوں کے مالک ہیں اور وہ عیدالاضحی کے دنوں میں متحرک رہے، ان کی بھرپور جدوجہد کے نتیجہ میں صفائی ستھرائی کے انتظامات انتہائی تسلی بخش رہے، شدید گرمی کے باوجود افسران اور ستھرا پنجاب ورکرز نے جس جانفشانی سے کام کیا، اس کے باعث عیدالاضحی کے دنوں میں ہر طرف صاف ستھرا ماحول میسر آنا ان کی بڑی کامیابی ہے، دوسری جانب صفائی ستھرائی کے حوالے سے عام لوگوں کا طرز عمل انتہائی نامناسب ہے، عیدالاضحی پر دیکھا گیا کہ لوگ آلائشوں کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے پر توجہ نہیں دے رہے، کسی نے آلائشیں شاپر میں ڈال کر گٹر میں پھینک دیں تو بعض لوگ اسے گلی محلوں’ پارکوں’ سڑکوں کے کنارے پھینکتے نظر آئے’ ستھرا پنجاب ایجنسی فیصل آباد کے ویسٹ ورکرز گلی محلوں میں جگہ جگہ موجود رہے اور ایک فون کال کے بغیر بھی شہریوں کے ساتھ ان کا بھرپور تعاون نظر آیا مگر اس کے باوجود لوگوں کا رویہ نامناسب سا رہا’ اس صورتحال سے یہ واضح ہوتا ہے کہ عام لوگوں میں صفائی بارے شعور اجاگر کرنیکی اشد ضرورت ہے، صفائی نصف ایمان ہے اور ویسٹ ورکرز کے ساتھ ساتھ ہمیں بھی اپنے گلی محلوں اور گھروں کو صاف ستھرا رکھنے پر مکمل توجہ دینی چاہیے، اﷲ تعالیٰ انسان کو اس کی اوقات میں رکھنا چاہتا ہے اور ہر انسان کو ایک دن میں دو یا اس سے زائد مرتبہ اپنی غلاظت کو خود اپنے ہاتھوں سے صاف کرنا پڑتا ہے، یہ کام ہر شخص کرتا ہے اور ہر شخص کو سوچنا چاہیے کہ جس طرح وہ خود کو صاف ستھرا رکھنے پر توجہ دیتا ہے اور اپنے ہاتھوں سے بھی غلاظت صاف کرتا ہے، اسی طرح اپنے گھروں اور گلی محلوں کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے تو ماحول کو جنت نظیر بنایا جا سکتا ہے، ماحول کی بہتری میں ہماری ہی بہتری ہے اور ہر شخص کو اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں کا مکمل احساس کرنا چاہیے، شہریوں کو چاہیے تھا کہ جانفشانی سے کام کرنیوالے ویسٹ ورکرز کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے مگر کسی نے بھی ان کیلئے کھانے پینے کا انتظام کرنا گوارہ نہ کیا، حتیٰ کہ شدید گرمی میں عام لوگوں نے ان کو ٹھنڈا’ میٹھا پانی بھی نہ پلایا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عیدالاضحی کے دنوں مین ویسٹ ورکرز کی مثالی کارکردگی کو سراہا اور ہر ویسٹ ورکر کو 10 ہزار روپے کا اعلان کیا جو کہ قابل تحسین ہے بلکہ یہ انعام 20ہزار روپے بھی ہوتا تو وہ اس کے مستحق تھے، ستھرا پنجاب کی ٹیمیں ہمہ وقت فیلڈ میں موجود رہیں اور صفائی مہم کو کامیابی سے ہمکنار کیا، عیدالاضحی کے موقع پر ماضی میں صفائی کے حوالے سے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ ایک عام مسئلہ رہا ہے جس کے باعث جانوروں کی آلائشیں گلی محلوں میں کئی روز تک تعفن پیدا کرتی تھیں، حکومت پنجاب نے اس صورتحال پر قابو پانے کیلئے مؤثر اقدامات کئے ہیں، دفعہ144 کا نفاذ کیا گیا اور آلائشیں کھلے عام پھینکنے پر پابندی عائد کر دی گئی، پنجاب حکومت نے صرف سخت احکامات تک ہی اپنے آپ کو محدود نہیں رکھا بلکہ عملی اقدامات نظر بھی آئے، عیدالاضحی سے کئی روز قبل ہی صفائی کے انتظامات کو منظم انداز میں ترتیب دیا گیا، ستھرا پنجاب کی ٹیمیں عید کے دنوں میں مسلسل متحرک رہیں اور صفائی ستھرائی کے لیے اپنائی گئی پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، عیدالاضحی پر فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع میں ہزاروں ٹن آلائشوں کو ڈمپ کیا گیا اور عوامی شکایات فوری حل کی گئیں جو نہایت اطمینان بخش بات ہے، صفائی ستھرائی کو بہت اہمیت حاصل ہے، اﷲ تعالیٰ پاک ہے اور ستھرا پن پسند فرماتا ہے، حدیث نبویۖ ہے کہ اﷲ تعالیٰ بندے کی ظاہری باطنی پاکی پسند فرماتا ہے، بندے کو چاہیے کہ وہ ہر طرح پاک رہے، جسم’ نفس’ روح’ لباس’ بدن’ اخلاق غرض کہ ہر چیز کو پاک صاف رکھے، لباس بدن وغیرہ کی صفائی تو بہت ہی ضروری ہے مگر ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے گلی محلوں اور گھروں کو بھی صاف رکھیں وہاں کوڑا کرکٹ جمع نہ ہونے دیں اور ہر طرح کی صفائی پر مکمل توجہ مرکوز رکھیں، صفائی ستھرائی کی عادت کے بڑے فوائد ہیں، اس کے برعکس گندگی اور آلودگی کے کثیر نقصانا ت ہیں اور صفائی نہ ہونے سے بیماریا ں بھی لاحق ہو سکتی ہیں، بہتر یہ ہے کہ صفائی کا شیڈول بنا لیں کہ کن چیزوں کی کب صفائی کرنی ہے ماحول کی صفائی صرف اپنے گھر تک محدود نہیں بلکہ اپنی گلی’ محلے’ دفتر کی صفائی کو بھی اس میں شامل کر کے نیکیاں حاصل کرنی چاہیے، اپنے گھر کو صاف کر کے تمام کچرا گلی محلے میں ڈال دینا، اپنے صحن کو دھو کر گلی میں پانی کھڑا کر دینا کہ پڑوسیوں اور راہگیروں کو تکلیف پہنچے، یقینا ایک ناپسندیدہ عمل ہے جو دوسروں کے لیے تکلیف کا باعث بنتا ہے، اس لئے ہمیں چاہیے کہ اچھے اعمال اپنائیں اور ناپسندیدہ اعمال سے بچیں، ماحول کو صاف رکھنا بہت ضروری ہے اور اس سے ہوا’ پانی اور زمین کی آلودگی سے بچا جا سکتا ہے جبکہ ماحول کو آلودگی سے بچایا جائے تو ہماری آنیوالی نسلوں کیلئے بھی ایک صحت مند اور محفوظ ماحول میسر ہو گا، صاف ستھرا ماحول نہ صرف انسانی صحت کے لیے ضروری ہے بلکہ یہ زمین کی پائیداری کیلئے بھی اہم ہے لہٰذا اس بارے میں عوامی شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے’ عیدالاضحی پر فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں صفائی ستھرائی کے جو انتظامات کئے گئے وہ اپنی مثال آپ ہے، امید ہے کہ صفائی ستھرائی کا یہ کام اسی جوش وجذبہ سے جاری ہے اور شہری بھی اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرینگے اور یقینی طور پر اس سے ماحول کو صاف اور جنت نظیر بنانے میں بڑی مدد ملے گی۔




