فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)مینجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے ریونیو ریکوری کیلئے افسران کو نئے اہداف جاری کر دیئے جبکہ واضح کیا گیا ہے کہ انڈسٹریز صارفین سے ریکوری کا ہدف 95 فیصد تک، کمرشل صارفین سے 80 فیصد جبکہ گھریلو صارفین سے 60 فیصد سے زائد ریکوری ہدف ہر صورت حاصل کیا جائے۔ ریونیو ڈائریکٹوریٹ کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریونیو افسران اپنے دفاتر سے نکل کر فیلڈ میں جائیں تاکہ ریونیو ریکوری کے اہداف حاصل کئے جا سکیں۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ صنعتی صارفین سے 95 فیصد تک ریونیو کرنا لازمی ہے اسی طرح کمرشل صارفین سے 80 فیصد سے کم ریونیو ریکوری کسی طور قابل قبول نہیں ہے جبکہ گھریلو صارفین سے ریونیو ریکوری 60 فیصد سے زیادہ ہونی چاہئے۔ انہوں نے کمرشل اور گھریلو صارفین کی تعداد میں اضافہ پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی تاکید کی۔ ایم ڈی واسا نے پی ایچ ایس ڈائریکٹوریٹ کو ریونیو ریکوری میں اضافہ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایک ماہ کے بعد دوبارہ جائزہ اجلاس بلایا جائے گا جس میں تمام ریونیو افسران کی کارکردگی کی جانچ کی جائے گی جنہوں نے اپنا ریکوری ہدف حاصل نہیں کیا ہو گا ان کے خلاف محکمانہ ایکشن لیا جائے گا۔




