ضلعی انتظامیہ کھلے مین ہولز کو کور کرنے کیلئے سرگرم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈویژنل کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کے احکامات پر ‘ضلعی انتظامیہ نے ضلع بھر کے مین ہولز کو ترجیحی بنیادوں پر کور کرنے کی ٹھان لی اس ضمن میں انسداد پولیو مہم پر مامور5ہزار کے قریب ٹیمیں بھی دوران مہم گلی محلوں کی سطح پر کھلے مین ہولز کی تصاویر لیکر اسی روز مہم کی فالو اپ میٹنگ میں اپ ڈیٹ دیں گی۔علاوہ ازیں سیکرٹریز یونین کونسلز اپنی متعلقہ یونین کونسل میں کھلے مین ہولز کی نشاندہی اور اسے فوری کور کرانے کے لئے ہنگامی مہم کا حصہ ہونگے۔اسی طرح شہری بھی مین ہولز کھلے ہونے کی تصویر جی پی ایس لوکیشن کے ساتھ واٹس ایپ نمبرز 0340-1145883 اور 0309-0669362 پر واٹس ایپ کریں۔واسا،میونسپل کمیٹیز کی ٹیمیں کیوئک رسپانس پر کھلا مین ہول کور کرے گی۔اس ضمن میں کوئی دوسری رائے نہیں۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) ندیم ناصر نے ہنگامی اجلاس کی صدارت کی اور افسران کو واضح پیغام دیا کہ شہری تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، واسا،ہارٹیکلچرایجنسی،ایف ڈبلیو ایم سی،میونسپل کارپوریشن سمیت دیگر محکموں کے افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے دو ٹوک الفاظ میں تمام کھلے مین ہولز کی فوری نشاندہی،کور کرنے اور حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ بچوں کے ذریعے ماحولیاتی سروے کا آغاز بھی کیا جارہا ہے جس کے تحت سکول اسمبلی میں روزانہ محلوں کے مسائل رپورٹ ہونگے۔انہوں نے کہا کہ نجی ہائوسنگ سوسائٹیز کے مالکان کو متنبہ کریں کہ اگر کسی جگہ کھلا مین ہول نظر آیا تو خلاف سخت کارروائی ہوگی۔علاوہ ازیں نجی ہائوسنگ سوسائٹیز کو فوری نوٹسز جاری کرنے کا حکم بھی دیا۔ڈپٹی کمشنر نیدیہی علاقوں میں چھپڑ، ندی نالوں اور جوہڑوں کے اطراف بچوں کے تحفظ کے لئے حفاظتی انتظامات کرنے کے لئے اسسٹنٹ کمشنرز کو براہ راست اہداف تفویض کئے۔انہوں نے دیہی علاقوں میں حفاظتی آگاہی مہم شروع کرنے اور کمیونٹی کو شامل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے نالوں پر قائم تجاوزات اور تعمیرات کے خلاف فوری کریک ڈان کا حکم بھی دیا۔ڈپٹی کمشنر نے واسا کو پارکوں،سکولوں اور کالجوں کے اطراف سیوریج سسٹم کو محفوظ بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ واسا اور میونسپل اداروں کا عملہ فیلڈ میں نظر آنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ زیر تعمیر سائٹس کے اردگرد ایریا کو ممنوعہ بنائیں۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ بچوں کو کھلے مین ہولز، ندی نالوں اور جوہڑوں کے قریب کھیلنے سے سختی سے روکیں،بچوں میں حفاظتی شعور اجاگر کریں اور خطرناک مقامات سے آگاہ کریں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محلوں کی سطح پر رضا کارانہ نگرانی (Community Watch) کے نظام کو فعال بنایا جائے،علماء کرام، اساتذہ حفاظتی آگاہی پھیلانے میں کردار ادا کریں۔مساجد،سکولوں اور عوامی مقامات پر حفاظتی پیغامات نمایاں کئے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں