ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوامی ریلیف اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ترقیاتی منصوبوں پر تیز رفتار عملدرآمد جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر میلہ نے تحصیل گوجرہ میں مختلف ترقیاتی و فلاحی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ چوہدری ریاض گجر اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی یاسر علی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈکوارٹر (ٹی ایچ کیو)ہسپتال گوجرہ کا دورہ کیا، جہاں طبی سہولیات، صفائی، ادویات کی دستیابی اور عملے کی حاضری کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔بعدازاں انہوں نے جنرل بس اسٹینڈ گوجرہ کا معائنہ کیا، جہاں بحالی و اپ گریڈیشن کے منصوبے کے تحت نئے شیڈز، ویٹنگ ایریا، پبلک کلاک اور واش رومز فعال کیے جا چکے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے لیڈیز پارک گوجرہ کا بھی دورہ کیا، جہاں اسے جدید فیملی پارک میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے بچوں کے جھولوں، وال آرٹ، گزیبو اور واکنگ ٹریک کی تعمیر کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت زیر تعمیر 4لاکھ 50ہزار گیلن گنجائش کے انڈر گراونڈ واٹر سٹوریج ٹینک کی سائٹ کا بھی معائنہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ منصوبہ بارشی پانی کی فوری نکاسی میں اہم کردار ادا کریگا اور شہری علاقو ں میں نکاسی آب کے نظام کو مزید موثر بنائیگا۔انہوں نے سلاٹر ہاوس گوجرہ کا دورہ کرتے ہوئے برآمدے، مویشی باڑے اور واش رومز کی بحالی کے جاری کاموں کا جائزہ لیا اور صفائی و سیوریج کے موثر انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔




