طبی ماہرین کا سگریٹ نوشی چھوڑنے کا طریقہ دریافت

اسلام آباد (بیورو چیف)طبی ماہرین نے سگریٹ نوشی کی عادت چھوڑنے میں مددگار آسان طریقہ دریافت کرلیا ہے۔جرنل نکوٹین اینڈ ٹوبیکو ریسرچ میں شائع ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اگر آپ سگریٹ نوشی کی عادت سے جان چھڑانا چاہتے ہیں تو یوگا کو روزمرہ کے معمولات کا حصہ بنالیں۔تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ یوگا کو معمول بنانے سے تمباکو نوشی کے عادی افراد کے لیے اس لت سے جان چھڑانا آسان ہو جاتا ہے جبکہ انزائٹی، ڈپریشن اور ان علامات کی شدت گھٹ جاتی ہے، جن کا سامنا سگریٹ سے دور رہنے پر ہوتا ہے۔اس تحقیق میں ماضی میں ہونے والے تحقیقی کام کا تجزیہ کیا گیا تھا۔تحقیق کے مطابق یوگا کی مشقیں کرنے سے سگریٹ نوشی سے نجات پانے کا امکان 50 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔محققین نے بتایا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ یوگا ایسی جسمانی سرگرمی ہے جو تمباکو نوشی سے نجات دلانے میں نمایاں حد تک مدد فراہم کرتی ہے۔اس تحقیق میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 629 افراد پر ہونے والے 7 کلینیکل ٹرائلز کے شواہد کا تجزیہ کیا گیا تھا جبکہ 5 دیگر تحقیقی رپورٹس کے نتائج کی بھی جانچ پڑتال کی گئی۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق تمباکو نوشی سے متعدد امراض بشمول کینسر، امراض قلب اور دیگر کا خطرہ بڑھتا ہے۔تمباکو نوشی سے لاحق ہونے والے دائمی امراض کے نتیجے میں ہر سال دنیا بھر میں 87 لاکھ اموات ہوتی ہیں اور بیشتر افراد اس لت سے نجات پانے کی کوشش کرتے ہیں، مگر ناکامی کا سامنا ہوتا ہے۔اس تحقیق میں دیکھا گیا تھا کہ یوگا کی مختلف اقسام سے تمباکو نوشی سے نجات پانے میں کس حد تک مدد ملتی ہے۔نتائج سے معلوم ہوا کہ یوگا سے نہ صرف اس لت سے نجات پانے میں مدد ملتی ہے بلکہ ان علامات کی شدت بھی گھٹ جاتی ہے جن کا سامنا سگریٹ چھوڑنے کے باعث ہوتا ہے۔اس سے قبل دسمبر 2023 میں آسٹریا کی Innsbruck یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ تیز رفتاری سے چہل قدمی سے سگریٹ پینے کی خواہش میں عارضی طور پر کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں