طلباء کو نقل کروانے پر2سنٹرز کا عملہ معطل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) بوٹی مافیا کے خاتمہ اور صاف و شفاف امتحانی نظام کے انعقاد کے سلسلہ میں حکومت پنجاب و ڈویژنل کمشنر و چیئرپرسن بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد مسرت جبیں کی ہدایات کی روشنی میں سیکرٹری تعلیمی بورڈ پروفیسر ڈاکٹرسلیم تقی شاہ نے مختلف امتحانی مراکز میں چھاپوں کے دوران غفلت ولا پرواہی برتنے اور طلبا کو نقل میں معاونت فراہم کرنے کی پاداش میں سینٹر نمبر 262کے سپرنٹنڈنٹ’ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور 4نگران عملہ سمیت سنٹر نمبر 269عباس پور کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو فوری طور پر معطل کر دیا۔ سیکرٹری بورڈ نے جعلسازی میں ملوث ان معطل سپروائزری سٹاف کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت سخت محکمانہ کارروائی کیلئے سفارشات بھی ہایئر اتھارٹی کو ارسال کر دیں- سیکرٹری بورڈ پروفیسر ڈاکٹرسلیم تقی شاہ نے کہا کہ نقل کے خاتمہ و بوٹی مافیا کی بیخ کنی کیلئے ٹھوس حکمت عملی اپنانے سے الحمد اللہ اب کسی بھی سنٹر میں کوئی شکایت نہیں رہی کیونکہ مئوثر کارروائیوں کے نتیجہ میں بوٹی مافیا کے ارکان سنٹرز کے اندر تو در کنار دور دور تک بھی دکھائی نہیں دیتے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق نقل کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پرسختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جارہا ہیکیونکہ امتحانی مراکز کو صرف سپروائزری سٹاف پر ہی نہیں چھوڑا گیا بلکہ سنٹروں کے اندر لگے کیمروں سے سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے جہاں بھی کوئی تھوڑی سی شکایت ملے اس کے تدارک کیلئے مانیٹرنگ ٹیموں کو فوری ایکشن کیلئے بھجوا دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کا مستقبل ہمیں اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے یہ ہو ہی نہیں سکتا کہ محنتی اور لائق طلبا و طالبات کے مستقبل سے کھلواڑ ہو اور نالائق بچے نقل لگا کر ان سے آگے بڑھ جائیں سیکرٹری بورڈ نے امتحانی عملہ کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض محنت، لگن اور دیانتداری سے سرانجام دیں اگر ان پر کوئی اثرانداز ہونے کی کوشش کرے تو وہ اس کی اطلاع فوری طور پر کنٹرول روم کو دیں تا کہ ایسے عناصر کی سرکوبی کیلئے فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں