طلبہ تعلیم پر توجہ دیں اور نظم و ضبط کو اپنا شعار بنائیں

سرگودھا(بیورو چیف)ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے کہا ہے کہ تعلیم کے فروغ اور مستحق طلبہ و طالبات کی معاونت میں معاشرے کے صاحبِ حیثیت افراد کا کردار انتہائی اہم ہے ۔ ایسے فلاحی اقدامات نہ صرف بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں بلکہ انہیں بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ اس امر کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ کمپری ہینسو گرلز ہائی سکول میں چھ سو مستحق طلباء و طالبات میں مفت یونیفارمز اور سکول بیگز تقسیم کرنے کی تقر یب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی سردار اختر بلوچ، محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ڈپٹی کمشنر نے مخیر حضرات کے جذبہ خدمت کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا جن کے تعاون سے سرکاری سکولوں کے چھ سو مستحق بچوں کے لیے مفت یونیفارمز اور سکول بیگز فراہم کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب معیاری تعلیم کے فروغ اور سکولوں میں بچوں کے داخلوں اور حاضری کی شرح میں اضافے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے جبکہ مخیر حضرات کا تعاون ان کوششوں کو مزید مؤثر بنانے میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں