طلبہ کی عدم دلچسپی،میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کی743نشستیں خالی رہ گئیں

اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستانی طلبہ کی عدم دلچسپی کے باعث26-2025 میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کی 743نشستیں خالی رہ گئیں۔میرٹ میں نرمی اور 45روزہ توسیع کے باوجود ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کی نشستیں پر نہ ہو سکیں۔ملک بھر کے 187میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں 22,300سے زائد سیٹیں ہیں۔مجموعی 743خالی نشستوں میں سے 608 بی ڈی ایس اور 135ایم بی بی ایس کی نشستیں شامل ہیں۔پنجاب میں381، سندھ میں 295 ، اسلام آباد میں 50اور خیبر پختون خوا میں 17 نشستیں خالی رہ گئیں۔ایم بی بی ایس کے لیے کم از کم میرٹ 55 سے 52 فیصد اور بی ڈی ایس کے لیے 50 سے 47 فیصد کیا گیا تھا۔1 لاکھ 40 ہزار سے زائد طلبہ نے ایم ڈی کیٹ کے لیے رجسٹریشن کرائی جس میں تقریبا 90ہزار کامیاب قرار پائے۔بڑی تعداد میں امیدوار کامیاب ہونے کے باوجود سینکڑوں نشستیں خالی رہ گئیں۔پی ایم ڈی سی نے نئے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں اور نشستوں میں اضافے پر پابندی کی سفارش کی تھی۔پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے مطابق ملک کو 3ہزار 872میڈیکل اساتذہ کی کمی کا سامنا ہے، 26ہزار 18مطلوبہ اساتذہ کے مقابلے میں صرف 22ہزار 146فیکلٹی ارکان دستیاب ہیں۔25سے 30ہزار پاکستانی طلبہ بیرونِ ملک میڈیکل اور ڈینٹل تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ خالی نشستوں کی وجوہات میں فیسیں، معیار اور مستقبل کے مواقع سے متعلق خدشات شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں