25

عبداللہ پور روڈ فلائی اوور سے گر کر2موٹر سائیکل سوار لقمہ اجل بن گئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) عبداﷲ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور پر موڑ کاٹتے ہوئے موٹرسائیکل سوار دو نوجوان پل سے گر کر جاں بحق ہو گئے، عبداﷲ پور جھمرہ روڈ پر تعمیر کئے گئے فلائی اوور کی ناقص ڈیزائننگ کی وجہ سے یہ تیسرا حادثہ ہے، قبل ازیں بھی دو افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ تفصیل کے مطابق سمن آباد کا رہائشی 24سالہ نواز ولد مختار اپنے دوست 24سالہ شہباز سکنہ سرسید ٹائون کے ہمراہ موٹرسائیکل پر ڈیوٹی پر جا رہے تھے کہ جب وہ نئے تعمیر ہونے والے طارق آباد تا جھمرہ روڈ فلائی اوور پر پہنچے تو پل کے اوپر موڑ کاٹتے ہوئے موٹرسائیکل بے قابو ہو کر دیوار سے ٹکرا گئی تو دونوں نوجوان پل سے نیچے گر کر بری طرح زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم نے مضروبان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا، جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے، نعشیں گھر پہنچنے پر علاقہ میں کہرام مچ گیا، ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔ یاد رہے کہ مذکورہ نئے پل سے قبل ازیں بھی موٹرسائیکل سوار موڑ کاٹتے ہوئے پل سے گر کر زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ پل کی ڈیزائننگ کرتے ہوئے پل کے اوپر یوٹرن دیاگیا ہے وہ انتہائی خطرناک ہے اور پل کی سائیڈ کی دیواریں بھی کم اونچی ہیں جسکی وجہ سے اکثر موٹرسائیکل سوار موڑ کاٹتے ہوئے پل کی دیواروں سے ٹکراتے ہیں اور کئی ایک زخمی بھی ہو چکے ہیں۔ شہری حلقوں نے کمشنر سلوت سعید’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ پل کی دیواروں کو اونچا کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں