فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری نے ہدایت کی ہے کہ ادارے سے متعلق زیرِ سماعت مقدمات میں عدالتوں کے احکامات کی ذمہ داری اور دیانتداری سے پیروی کی جائے اور ہر مقدمے میں ایف ڈی اے کا واضح، موثر اور قانون کے مطابق موقف پیش کریں اس سلسلے میں عدالتی کارروائی کے دوران متعلقہ قانونی نکات، قواعد و ضوابط اور سرکاری پالیسی کو ہر صورت مدنظر رکھا جائے تاکہ ادارے کے مفادات کا موثر انداز میں تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے یہ ہدایات ایک مقدمے میں عدالتی حکم پر عملدرآمد کے سلسلے میں ایک فریق کا موقف سنتے ہوئے جاری کیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسما محسن، لیگل کنسلٹنٹ رانا سلیم اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ٹائون پلاننگ سے متعلق قوانین، قواعد و ضوابط اور پالیسیوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو قانونی دائرہ کار میں بروقت ریلیف کی فراہمی ادارے کی ذمہ داری ہے۔ کسی بھی درخواست گزار کو غیر ضروری تاخیر یا بلاجواز قانونی رکاوٹ کا سامنا نہیں ہونا چاہیے، جبکہ کسی قسم کی قانونی پیچیدگی کی صورت میں عدالت سے رجوع کرنے کی نوبت آنے سے قبل انتظامی اور قانونی سطح پر مسئلے کا مناسب حل تلاش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری امور میں شفافیت، قانون کی عملداری اور عوام دوست انداز میں محکمانہ سروسز کی فراہمی ایف ڈی اے کا نصب العین ہے لہذا تمام افسران اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو قانون کے مطابق انجام دیں اور ہر کیس میں میرٹ، انصاف اور شفافیت کو مقدم رکھا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بین الشعبہ جاتی رابطے کو مزید موثر بنائیں تاکہ مقدمات کے بروقت اور موثر دفاع کے ساتھ ساتھ شہریوں کے جائز مسائل بھی فوری طور پر حل کیے جا سکیں۔ انہوں نے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ اصلاحات کے ذریعے ایف ڈی اے میں ایسے کمانڈ اور کنٹرول سسٹم پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت، تیز رفتار خدمات اور قانونی تقاضوں کے مطابق بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔




