فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے ) محمد آصف چوہدری نے ہدایت کی ہے کہ ایف ڈی اے سے متعلق تمام عدالتی مقدمات کی موثر، بروقت اور ذمہ دارانہ پیروی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مقدمات کی پیروی کے دوران تمام قانونی نکات پر مکمل دسترس، حکومتی پالیسیوں کے نفاذ میں واضح موقف اور حقائق پر مبنی موثر دلائل پیش کیے جائیں تاکہ ادارے کے قانونی مفادات کا ہر سطح پر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے یہ ہدایات ایف ڈی اے کے مختلف عدالتی مقدمات کے قانونی پہلوئوں کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ سہیل مقصود پنوں، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، لیگل کنسلٹنٹ رانا سلیم، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس افضال انصاری اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ہدایت کی کہ عدالت میں پیشی سے قبل لیگل برانچ کے افسران ہر مقدمے کی مکمل قانونی تیاری کریں، تمام متعلقہ ریکارڈ کو ہمہ وقت اپ ڈیٹ رکھا جائے اور کیسز سے متعلق دستاویزات میں کسی قسم کی کمی یا کوتاہی نہ ہونے دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں بروقت پیشی کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی وجہ سے مقدمات میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام شعبے اپنے دفتری امور قانون اور قواعد و ضوابط کے مطابق انجام دیں تاکہ شہریوں کو شکایات کے ازالے کے لیے عدالتوں سے رجوع کرنے کی ضرورت پیش نہ آئے۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ عدالتی فیصلوں اور ڈگریوں پر بلا تاخیر عملدرآمد کیا جائے کیونکہ عدالتی احکامات کی بروقت تعمیل ادارے کی قانونی ذمہ داری اور ساکھ کے لیے ناگزیر ہے۔ محمد آصف چوہدری نے کہا کہ ایف ڈی اے کے انتظامی و ترقیاتی امور میں شفافیت، قانون کی بالادستی اور میرٹ پر مبنی فیصلہ سازی کو ہر سطح پر فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مختلف مقدمات کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے، قانونی حکمت عملی کو مزید موثر بنایا جائے اور باہمی رابطہ و ہم آہنگی کے ذریعے مقدمات کو بہترین انداز میں نمٹایا جائے تاکہ ادارے کے مفادات کا ہر ممکن تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ہدایت کی کہ زیر التوا مقدمات کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے اس ضمن میں غفلت یا تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں۔




