عوامی شکایات کے ازالے میں تاخیر سے گریز کیا جائے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری نے حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل و شکایات براہِ راست سنیں۔ انہوں نے شہریوں کی جانب سے پیش کئے گئے مختلف نوعیت کے مسائل کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ان کے فوری اور میرٹ پر حل کے لئے ضروری ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر شہریوں نے ایف ڈی اے سے متعلقہ مختلف امور، جائیداد، کمرشلائزیشن، نقشہ جات، ہاسنگ سکیموں اور دیگر انتظامی معاملات کے حوالے سے اپنی درخواستیں اور مسائل ڈائریکٹر جنرل کے سامنے پیش کئے۔ ڈائریکٹر جنرل محمد آصف چوہدری نے شہریوں کے مسائل سنتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے اور ہر درخواست کو قواعد و ضوابط کے مطابق مقررہ مدت میں نمٹایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ہاسنگ سکیموں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے جنہیں قانونی دائرے میں لانے کے موثر انتظامی حکمت عملی پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے تاہم شہری غیر قانونی ہاسنگ سکیموں سے ہوشیار رہیں اور پلاٹ خریدنے سے قبل ایف ڈی اے سے تصدیق ضرور کریں۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے تجاوزات، غیر قانونی تعمیرات اور قبضہ مافیا کے خلاف جاری آپریشن کو نتیجہ خیز بنانے پر زور دیا۔ درخواست گزاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کا بنیادی مقصد عوام اور انتظامیہ کے درمیان براہِ راست رابطے کو فروغ دینا اور شہریوں کو ان کے مسائل کے حل کے لئے سہولت فراہم کرنا ہے۔ ایف ڈی اے میں شہریوں کے لئے دستیاب تمام سہولیات کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے تاکہ انہیں دفاتر کے غیر ضروری چکروں سے نجات دلائی جا سکے۔ محمد آصف چوہدری نے افسران و سٹاف کو ہدایت کی کہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور ان کے جائز مسائل کے حل میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی خدمت میں کوتاہی، غیر ضروری تاخیر یا غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ ایف ڈی اے شہریوں کو شفاف، میرٹ پر مبنی اور بروقت خدمات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے اور عوامی شکایات کے ازالے کے عمل کی موثر نگرانی جاری رکھی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں