کمالیہ(نامہ نگار)سابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور ممبر پاکستان کرکٹ بورڈ مصطفی رمدے نے اپنی رہائش گاہ ججاں والا میں حلقہ کے عوام کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں انہوں نے شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے فوری و ترجیحی حل کی یقین دہانی کروائی۔کھلی کچہری میں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں، معززین علاقہ، سیاسی و سماجی شخصیات اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر لوگوں نے بجلی، سوئی گیس، سیوریج، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، صحت، تعلیم اور دیگر شہری مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔مصطفی رمدینے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ حلقہ کی تعمیر و ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے متعلقہ اداروں سے رابطہ کر کے مسائل کے جلد حل کے لیے عملی اقدامات کی یقین دہانی بھی کروائی۔انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ مسلسل رابطہ اور ان کے مسائل کو براہِ راست سننا ہی حقیقی عوامی خدمت ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حلقہ کے عوام کی محبت اور اعتماد ان کا قیمتی سرمایہ ہے اور وہ ہمیشہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت کام کرتے رہیں گے ۔کھلی کچہری کے بعد عید ملن کا بھی اہتمام کیا گیا جہاں مصطفی رمدے نے شہریوں، کارکنان اور معززین علاقہ سے عید ملے ۔شہریوں نے مصطفی رمدے کی جانب سے کھلی کچہری کے انعقاد اور عوامی مسائل کے حل میں دلچسپی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے اقدامات سے عوام کے مسائل میں کمی آئے گی۔




