فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیرِ صدارت یونین کونسلز کی تعمیر و مرمت اور پارکس کی بحالی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایریگیشن، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی، لوکل گورنمنٹ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں یونین کونسلز کی عمارات کی تعمیر و مرمت، بنیادی سہولیات کی بہتری اور شہریوں کے لئے پارکس کی بحالی و تزئین و آرائش کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے متعلقہ افسران کو یونین کونسلز کی عمارات کی ضروری تعمیر و مرمت کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مقامی سطح پر بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے یونین کونسلز کی عمارات کو فعال، بہتر اور شہریوں کے لئے سازگار بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں خصوصا بچوں کے لئے پلے ایریاز، اوپن جم اور واکنگ ٹریکس کی تعمیر و بحالی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ پارکس میں گیٹس اور بانڈری والز کی تعمیر و مرمت سمیت دیگر ضروری سہولیات بھی یقینی بنائی جائیں۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو باہمی رابطے کے ساتھ ترقیاتی و بحالی کے کاموں کو موثر انداز میں مکمل کرنے اور کام کے معیار کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔




