عید الاضحی کے موقع پر شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے،کمشنر سرگودھا

سرگودھا(بیورو چیف) کمشنر سرگودھا ڈویژ ن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت ڈویژنل سطح کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سرگود ھا ڈویژن کے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے انتظامی انتظامات، ستھرا پنجاب مہم، مین ہول کورز کی تنصیب، گندم خریداری مہم، ای۔بز اقدامات اور چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایات پر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کو صاف ستھرا ماحول اور بہترین سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مویشی منڈیوں میں پینے کے صاف پانی، سکیورٹی، صفائی، پارکنگ، لائٹنگ اور ویٹرنری سہولیات کو یقینی بنایا جائے جبکہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کیلئے جامع اور مؤثر پلان مرتب کیا جائے۔انہوں نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت تمام اضلاع میں صفائی آپریشن کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ گلیوں، بازاروں اور اہم شاہراہوں کی مسلسل صفائی اور ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کی موثر نگرانی کی جائے۔اجلاس میں مین ہول کورز کی تنصیب اور خراب ڈھکنوں کی فوری مرمت کے امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے کہا کہ کھلے مین ہولز شہریوں کیلئے خطرناک ہیں، اس لیے تمام اضلاع میں سروے مکمل کرکے فوری کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔گندم خریداری مہم کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے متعلقہ افسران نے خریداری کے اہداف اور موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ کاشتکاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور خریداری کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسانوں کے اعتماد میں اضافہ ہو۔اجلاس میں ای۔بز اور ای گورننس اقدامات کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف سرکاری امور میں شفافیت آئے گی بلکہ عوام کو بھی بہتر اور تیز رفتار خدمات میسر آئیں گی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ تمام ڈیجیٹل اصلاحات پر مقررہ ٹائم لائن کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے جاری کردہ مختلف ہدایات اور ترقیاتی و انتظامی معاملات پر عملدرآمد کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر سرگودھا ڈویژن نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ حکومتی پالیسیوں اور عوامی فلاحی منصوبوں پر مؤثر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کارکردگی کی مسلسل نگرانی کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں