عید میلاد النبیۖ کے تمام پروگرامز کیلئے فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائیگی،RPOسہیل اختر سکھیرا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) عید میلاد النبی ۖ کے پرمسرت موقع پر سیکورٹی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے مرکزی میلاد کمیٹی فیصل آباد کے وفد نے ریجنل پولیس آفیسر آر پی او فیصل آباد جناب سہیل اختر سکھیرا سے ان کے دفتر میں خصوصی ملاقات کی۔وفد کی قیادت الحاج منیر احمد نورانی صدر مرکزی میلاد کمیٹی فیصل آباد نے کی۔ وفد میں عبدالوحید کمبوہ، علامہ مولانا پیر محمد اشرف شاد قادری ترابی، مولانا خالد رضوی، حاجی شیخ قدیر ظہیر، ڈاکٹر منصور اعوان، ملک اکبر قادری، حافظ فیصل، نوید قادری، پروفیسر رحمت اللہ سیالوی اور دیگر معزز احباب شامل تھے۔ملاقات میں عید میلاد النبی ۖ کے موقع پر منعقد ہونے والی محافل، جلوسوں اور اجتماعات کی سیکورٹی، ٹریفک کے انتظامات اور روٹس کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے وفد کو یقین دلایا کہ عید میلاد النبی ۖ کے تمام پروگرامز کے لیے فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔الحاج منیر احمد نورانی نے آر پی او اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ مرکزی میلاد کمیٹی ہمیشہ قانون کی بالادستی اور امن و امان کے قیام کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کرتی رہے گی۔وفد نے آخر میں ملک و قوم کی سلامتی اور امن و آشتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں