ساہیوال(بیوروچیف) عیدالاضحی کی آمد کیسا تھ ہی ساہیوال سمیت شہر بھر میں مویشی منڈیاں آباد ہو گئی ہیں اور قربا نی کے جا نوروں کی خرید و فروخت کا سلسلہ زور پکڑ نے لگا ہے، تاہم رواں سال جا نوروں کی قیمتوں میں نمایاں اضافے سے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے ۔ بڑی مویشی منڈیوں میں چھوٹے اور بڑے جا نوروں کی بڑی تعداد موجود ہے، لیکن خریداروں کی دلچسپی تاحال محدود دکھائی دے رہی ہے۔ منڈی میں خصوصاً بکروں کی قیمتیں شہریوں کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں، جہاں اعلیٰ نسل کے راج پوری سفید بکرے کی قیمت اڑھائی لاکھ روپے تک طلب کی جا رہی ہے، جبکہ عام دیسی بکرا بھی 80 ہزار سے ایک لاکھ روپے کے درمیان فروخت ہو رہا ہے۔ بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ جانوروں کی خوراک، ٹرا نسپورٹ، چارے اور دیگر اخراجات میں مسلسل اضافے کے باعث قیمتیں بڑھانا مجبوری بن چکا ہے۔




