ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے عین مطابق، ضلعی انتظامیہ ٹوبہ ٹیک سنگھ عیدالاضحی کے موقع پر شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے شہر کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور صفائی کے انتظامات، کچرا تلفی، اور ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو سخت ہدایات دیں کہ عید کے دوران صفائی کے نظام میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو عید کے دوران اضافی فضلے کی بروقت صفائی کے لیے موثر حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے خود عید کے تینوں دن صفائی کے انتظامات کی نگرانی کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی کے اس قومی مشن میں انتظامیہ کا بھرپور تعاون کریں تاکہ شہر کا ماحول صاف، صحت مند اور خوشگوار بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ “ستھرا پنجاب” مہم ایک مستقل عمل ہے جس کا مقصد صوبے کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے تمام عملہ اور متعلقہ ادارے صفائی کی مکمل تیاریوں میں مصروف کر دیے ہیں تاکہ عید کے دوران عوام کو بہترین سہولیات میسر ہو۔




