فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے زیراہتمام اسلامک اکیڈمی مدینہ ٹائون میں قربانی مہم 2025کی تیاریوں کے سلسلہ میں اجلاس منعقدہ ہوا۔اجلاس سے ضلعی صدر TMQخالدمحمودرندھاوا،ناظم خالد مصطفو ی، ناظم ویلفیئرسہیل مقصودنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عیدالاضحی صرف جانور ذبح کرنے کا نام نہیں، بلکہ اس کا اصل فلسفہ تقوی، اخلاص، ایثار اور اللہ تعالی کی رضا کا حصول ہے۔ دین اسلام ہمیں سکھاتا ہے کہ عید جیسے خوشی کے موقع پر محروم اور نادار طبقے کو فراموش نہ کیا جائے، بلکہ ان کے ساتھ خوشیاں بانٹی جائیں۔اجلاس میں چوہدری سہیل شوکت ،راناطاہرسلیم،غلام محمدقادری،حافظ سرفرازاحمد،عمرفاروق علوی،عمیرارشادانصاری،محمدارشدمغل،میاں ظہورانور،غلام مصطفی ڈوگر،میاں ارسلان قادری،رانامحمدادریس،عمران مبارک نے بھی شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ قربانی کی روح اخلاص اور للہیت سے عبارت ہے۔ اللہ تعالی کے ہاں قربانی کی قبولیت کا دار و مدار گوشت اور خون پر نہیں بلکہ تقوی اور نیت کی خالصیت پر ہوتا ہے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت کا مقصد ظاہری قربانی نہیں بلکہ اپنی محبوب ترین شے کو اللہ کے حضور خوش دلی سے پیش کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کی جانب سے قربانی مہم کے تحت فیصل آبادمدینہ ٹائون میں مرکزی قربان گاہ قائم کی گئی ہے ۔ قربانی کا گوشت غریب، مستحق اور ضرورت مند افراد میں منظم انداز سے تقسیم کیا جائے گا تاکہ عید کی خوشیوں میں وہ بھی برابر کے شریک ہوں۔انہوںنے مزید کہا کہ قربانی نہ صرف مالی عبادت ہے بلکہ ایک ایسا ذریعہ ہے جو معاشرتی ہم آہنگی، باہمی محبت اور اخوت کو فروغ دیتا ہے۔




