غیر قانونی سپیڈ بریکر حادثات کا سبب بننے لگا

کمالیہ(نامہ نگار)کمالیہ شہر میں غیر قانونی سپیڈ بریکر حادثات کا سبب بننے لگے ، شہریوں کا اربابِ اختیار سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کمالیہ شہر کے مختلف علاقوں، مرکزی شاہراہوں اور رہائشی گلیوں میں بغیر کسی قانونی اجازت اور محکمہ ہائی ویز یا ضلعی انتظامیہ کی منظوری کے بنائے گئے غیر معیاری سپیڈ بریکر شہریوں کیلئے شدید مشکلات اور حادثات کا باعث بنتے جا رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد مقامات پر اچانک اور انتہائی او نچے سپیڈ بریکر ہونے کی وجہ سے موٹر سائیکل سوار، رکشہ ڈرائیور اور دیگر گاڑیوں کے مالکان آئے روز حادثات کا شکار ہو رہے ہیں۔شہریوں کے مطابق رات کے وقت مناسب سائن بورڈز، ریفلیکٹرز اور رنگ و روغن نہ ہونے کے باعث ڈرائیور بروقت سپیڈ بریکر کو نہیں دیکھ پاتے ، جس کے نتیجے میں گاڑیاں بے قابو ہو کر حادثات کا شکار ہو جاتی ہیں۔ کئی موٹر سائیکل سوار گر کر زخمی ہو چکے ہیں جبکہ گاڑیوں کو بھی مالی نقصان پہنچ رہا ہے ۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بعض علاقوں میں چند افراد نے اپنی سہولت یا رفتار کم کرانے کے لیے ازخود سپیڈ بریکر تعمیر کر رکھے ہیں، جو نہ صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہیں بلکہ انسانی جانوں کے لیے بھی خطرہ بن چکے ہیں۔شہریوں، سماجی حلقوں اور تاجروں نے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ، اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں قائم غیر قانونی سپیڈ بریکرز کے خلاف فوری کارروائی کی جائے ، انہیں ختم کیا جائے اور صرف محکمہ کی منظور شدہ حفاظتی معیار کے مطابق سپیڈ بریکر تعمیر کیے جائیں ۔ تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔ شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس مسئلے پر فوری توجہ نہ دی گئی تو حادثات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جسکی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں