اسلام آباد(بیورو چیف)صدر پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین فریال تالپور نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد اور سیکرٹری عامر احمد علی نے ان کا استقبال کیا۔دورے کے دوران فریال تالپور کو بی آئی ایس پی کے مختلف پروگرامز، اصلاحاتی اقدامات اور ادارے کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہیں مستحق خاندانوں، بالخصوص خواتین کی معاونت کے لیے جاری مختلف منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔فریال تالپور نے بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور مستحق خواتین کو فراہم کی جانے والی سہولیات، خدمات اور مالی معاونت کے نظام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے خواتین کی معاشی خودمختاری کے فروغ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مستحق خاندانوں تک شفاف اور بروقت مالی معاونت کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔




