فضائی آلودگی پھیلانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن مزید تیز

لاہور (بیوروچیف) سموگ اور فضائی آلود گی کے تدارک کے لیے سیف سٹیز اتھارٹی نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کریک ڈائون مزید تیز کر دیا ہے۔گزشتہ 4روز کے دوران سموگ کا باعث بننے والی 2ہزار سے زائد ماحولیاتی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں کی گئیں۔ترجمان سیف سٹیز کے مطابق دھواں چھوڑنے والی 1085 گاڑیوں کی نشاندہی کی گئی، جن میں سے 858 کو جرمانے جبکہ 227کو وارننگز جاری کی گئیں۔ لاہور میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور دیگر ماحولیاتی خلاف ورزیوں پر 370ای چالان بھی جاری کیے گئے۔بغیر ترپال تعمیراتی سامان لے جانے والی 797 گاڑیوں کی نشاندہی کی گئی، جن میں 389 کو جرمانے اور 222 کو وارننگز جاری کی گئیں۔ترجمان کے مطابق بار بی کیو پوائنٹس اور چمنیوں سے دھوئیں کے اخراج کی 105 خلاف ورزیاں ریکارڈ ہوئیں، جن میں 102 کو وارننگ جاری کی گئی، جبکہ بھٹوں سے دھوئیں کے اخراج کے 17کیسز سامنے آئے، جن میں 12کو وارننگ اور 5کیسز مزید کارروا ئی کے لئے متعلقہ محکمے کو بھجوا دیے گئے ۔ سیف سٹیز اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سمارٹ سیف سٹی سنٹرز سے سموگ اور ماحولیاتی خلاف ورزیوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ سموگ اور فضائی آلودگی کا باعث بننے والی سرگرمیوں کی اطلاع ہیلپ لائن 15 پر دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں