فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)چیف کمشنر اِن لینڈ ریونیو فیصل آباد ڈاکٹر شاہ خان نے کہا ہے کہ فکسڈ انکم ٹیکس کی سکیم بزنس کمیونٹی کی مشاورت سے تیار کی گئی ہے جبکہ اس پر عملدرآمد رضا کارانہ ہوگا اور یہ تاجروں کی اپنی مرضی ہو گی کہ وہ اس سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں یا نہیں۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں شہر بھر کی تاجر تنظیموں کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سکیم تاجروں کے مطالبے پر نافذ کی گئی ہے جس میں 20کروڑ سے کم آمدنی والا ہر تاجر فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے تحت کم از کم ٹیکس 25ہزار روپے ہو گا جس کی ادائیگی پر دوکاندار کو اپنی دوکان پر لگانے کیلئے تختی دی جائے گی جس کے بعد انکم ٹیکس کا کوئی اہلکار اس دوکان میں داخل نہیں ہوگا ۔ مزید برآں وہ آڈٹ سے مستثنیٰ ہوگا جبکہ اُن کیلئے ٹرن اوور ٹیکس کی شرح بھی کم ہو گی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ جو تاجر اس سکیم سے فائدہ نہیں اٹھانا چاہتا وہ اپنی مرضی سے فیصلہ کر سکتا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے غلط استعمال پر سخت کارروائی ہو گی۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ چیف کمشنر اس سکیم کو متعارف اور کامیاب بنانے میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ انہوں نے خود فون کر کے اس سکیم بارے تقریب رکھنے کی استدعا کی ۔ انہوں نے کہا کہ آج کی اس میٹنگ میں شہر کی تمام چھوٹی تاجر تنظیموں کے نمائندوں کو مدعو کیا گیا ہے تاکہ انہیں اس سکیم کے فوائد کا علم ہو اور وہ اس بارے میں اپنے متعلقہ تاجروں کو بھی آگاہ کر سکیں۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی کو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا اور کہا کہ اِن کے بارے میں منفی تاثر کو زائل کرنے کی ضرورت ہے۔




