فکسڈ ٹیکس سکیم،حکومت کو50ارب روپے آمدن کا امکان

اسلام آباد (بیوروچیف) ایف بی آر کو نئی اعلان کردہ فکسڈ ٹیکس اسکیم سے 50ارب روپے آمدن کی توقع ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اسکیم ٹیکس ایمنسٹی نہیں بلکہ ٹیکس نیٹ بڑھانے کی کوشش ہے۔ اپنی حقیقی سیل چھپانے یا اکائونٹس مرتب نہ کرنے والے تاجروں کے خلاف کارروائی کا اعلان کر دیا۔ترجمان کے مطابق اسکیم میں سالانہ 20کروڑ روپے تک کاروبار کرنے والے چھوٹے دکاندار شامل ہو سکیں گے۔ جن پر سالانہ فروخت کے حساب سے ایک فیصد فکسڈ ٹیکس عائد کیا جائے گا تاہم کم از کم 25 ہزار روپے ٹیکس ادا کرنا لازم ہوگا۔ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اسکیم میں شامل تاجروں کو معمول کے ٹیکس آڈٹ سے استثنا حاصل ہوگا جبکہ ودہولڈنگ ٹیکس ایڈجسٹ کرنے کی سہولت بھی دی جائے گی۔ اس کے علاوہ پوائنٹ آف سیل سسٹم لگانے کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے۔ اسکیم رضاکارانہ ہوگی اور تاجر چاہیں تو روایتی ٹیکس ریٹرن بھی جمع کرا سکتے ہیں۔ ایف بی آر کے مطابق رجسٹرڈ دکانوں کے باہر کیو آر کوڈ اور این ٹی این والی پلیٹ آویزاں کی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ حقیقی سیل چھپانے یا اکائونٹس درست نہ رکھنے والے تاجروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ قواعد کی خلاف ورزی پر جرمانہ ہوگا اور اسکیم کی سہولتیں ختم ہو جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں