فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب کونسل آف دی آرٹس فیصل آباد ڈویژن کے زیر اہتمام ایک منفرد اور تخلیقی سرگرمی کا آغاز کر دیا گیا جس کا مقصد نوجوان نسل میں فنونِ لطیفہ کے فروغ اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔اس سلسلے میں ”ہم مائیں ہم بہنیں، ہم بیٹیاں قوموں کی عزت ہم سے ہے”کے عنوان سے پینٹنگ، ٹیبلو اور تقریری مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں سکولز، کالجز، یونیورسٹیز اور آرٹس سے وابستہ طلبہ و طالبات بھرپور شرکت کر سکیں گے۔اس پروگرام کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنا اور انہیں مثبت و تخلیقی سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔ یہ پلیٹ فارم نہ صرف فنکارانہ صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد دے گا بلکہ قومی و ثقافتی ہم آہنگی کو بھی فروغ دے گا۔مقابلہ جات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکا کیلئے پرکشش انعامات رکھے گئے ہیں۔




