فیصل آباد اور ساہیوال بورڈز کا ادارہ جاتی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) فیصل آباد اور ساہیوال تعلیمی بورڈز کے درمیان ادارہ جاتی تعاون مضبوط بنانے، امتحانی نظام میں شفافیت اور ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو تیز کرنے پر اتفاق,تفصیلات کے مطابق چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ساہیوال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیئرمین بی آئی ایس ای ساہیوال فیصل اعجاز سے اہم اور تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں امتحانی نظام میں شفافیت، انتظامی اصلاحات، ڈیجیٹلائزیشن اور دونوں تعلیمی بورڈز کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کے فروغ سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران کاغذ سے پاک دفتری نظام کے نفاذ، بورڈ کے مختلف امور کو خودکار بنانے اور فنانشل مینجمنٹ سسٹم (FMS) کے استعمال سمیت جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے انتظامی معاملات کو مزید موثر بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔چیئرمین بی آئی ایس ای ساہیوال فیصل اعجاز کی جانب سے فنانشل مینجمنٹ سسٹم کے اہم ماڈیولز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بورڈ میں ڈیجیٹل نظام کے حوالے سے ہونے والی تازہ پیش رفت اور ٹیکنالوجی پر مبنی انتظامی حل کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ فیصل آباد بورڈ کے چیئرمین نے مختلف ماڈیولز اور ڈیجیٹل اقدامات کا جائزہ لیا اور مستقبل میں ایسے نظام کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔دونوں چیئرمینز نے انتظامی و دفتری امور کو جدید خطوط پر استوار کرنے، بہترین انتظامی طریقہ کار ایک دوسرے سے شیئر کرنے، گڈ گورننس کو فروغ دینے اور اداروں کی مجموعی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے پر بھی گفتگو کی۔دورے کے اختتام پر چیئرمین بی آئی ایس ای فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے ساہیوال بورڈ کی مختلف برانچز کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں جاری ڈیجیٹل اقدامات، دفتری نظام اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر دونوں تعلیمی بورڈز کے درمیان جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور امتحانی نظام میں مزید بہتری کے لیے تجربات اور بہترین طریقہ کار کے تبادلے کو اہم قرار دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں