فیصل آباد میں جشن آزادی ملی جوش و جذبہ سے منایا گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان کا79 واں یوم آزادی اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا گیا کہ وطن کی ترقی اور سربلندی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ کمشنر کمپلیکس فیصل آباد میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی۔7بجکر58منٹ پر سائرن بجایا گیا اور قومی ترانہ کی دھن پر کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ،آرپی او سہیل اختر سکھیرا، ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق،ارکان اسمبلی راجہ دانیال،بلال بدر چوہدری،میاں طاہر جمیل،عظمی راجہ، خاتون محتسب پنجاب ڈاکٹر نجمہ افضل،حاجی اکرم انصاری ودیگر رہنمائوں نے قومی پرچم لہرایا۔پنجاب پولیس کے چاق وچوبند دستے نے سلامتی پیش کی جبکہ سول ڈیفنس کے رضارکاروں،بوائز سکاٹس،پیرا فورس،موٹر بائیکس ریسکیو1122،ستھراپنجاب،پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ایجنسی،واسا،میونسپل کارپوریشن، انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی سمیت دیگر سروسز کی وہیکلز کا مارچ پاسٹ ہوا۔تقریب کے دوران طالب علموں نے ملی جذبے سے سرشار ٹیبلوز پیش کرکے حاضرین کے دل موہ لئے۔تقریب میں بزرگ،خواتین،مرد،بچے،علما کرام،تاجر حضرات،افسران شریک ہوئے جنہوں نے قومی پرچم تھام کریکجہتی اور وطن سے محبت کا پیغام اجاگر کیا۔کمشنر فیصل آباد نے خطاب کا آغاز”رگوں میں ہے، جنوں میں ہے۔۔۔۔۔وطن کا عشق میرے خوں میں ہے ”اس شعر سے کیا اور کہا کہ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا کہ وطن کی ترقی میں اپنا اپنا حصہ ڈالنا ہے۔انہوں نے اہلیان فیصل آباد ڈویژن کو یوم آزادی کی مبارکباد دی۔دیگر مقررین افسران نے تقریب سے آزادی کی اہمیت اور ملکی ترقی میں اجتماعی کردار پر روشنی ڈالی۔مقررین نے بانیان پاکستان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ملکی خوشحالی کے عزم کا اعادہ کیا۔تقریب کے اختتام پر یومِ آزادی کی مناسبت سے کیک کاٹا اور مشترکہ طور پر ایک پودا لگاکر پاکستان کی سلامتی و ترقی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔تقریب میں قومی جذبے،اتحاد اور حب الوطنی کا بھرپور اظہار دیکھنے میں آیا۔بعدازاں کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے رکن صوبائی اسمبلی میاں طاہر جمیل کے ہمراہ الائیڈ ہسپتال 2 میں پرچم کشائی کی۔انہوں نے وارڈز میں زیرعلاج مریضوں میں مٹھائی تقسیم اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔انہوں نے طبی سروسز فراہم کرنے والے سٹاف میں تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں