فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں ڈسٹرکٹ جیل سے ملحقہ خواتین کی جیل قائم کر دی گئی’ خواتین جیل مکمل ہونے پر خاتون سپرنٹنڈنٹ سمرین اکرم اور دیگر عملہ کو تعینات کر دیا گیا، خاتون جیل میں تمام عملہ خواتین افسران واہلکاروں پر مشتمل ہو گا۔ فیصل آباد میں خاتون جیل کی تعمیر مکمل ہو گئی اور جس کو جدید تقاضوں کے مطابق تعمیر کیا گیا ہے۔ جہاں پر خواتین قیدیوں اور حوالاتی خواتین کو رکھا جائے گا۔ اس سے قبل ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد میں قیدی وحوالاتی خواتین کیلئے الگ بیرکس مختص کی گئی تھیں۔ ذرائع کے مطابق عنقریب ڈسٹرکٹ جیل میں بند خواتین قیدی وحوالاتی کو خواتین کی جیل میں منتقل کر دیا جائے گا۔ خاتون جیل میں خواتین کو ہمہ قسم کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی اور خاتون جیل میں بیمار خواتین کے علاج معالجہ کیلئے الگ ہسپتال بھی قائم کیا گیا۔ جہاں پر خواتین کو تعلیم کیساتھ ساتھ ہنرمند بنانے کیلئے مختلف کورسز کا اہتمام بھی کیا گیاہے۔




