فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر فیصل آباد میں ماس ٹرانزٹ (میٹروبس سروس) منصوبے پر تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا گیا۔ جھنگ روڈ پر ایک سائیڈ بند کر کے ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند کر دیا گیا۔ جھنگ روڈ پر میٹروبس روٹ پر بجلی کے پولز ختم کر دیئے گئے۔ اس حوالے سے چیف ٹریفک آفیسر ناصر جاوید رانا نے ڈپٹی ڈائریکٹر پی ایم یو دلشاد احمد کے ہمراہ جھنگ روڈ پر طاہر آباد کے قریب مین سائٹ آفس کا دورہ کیا اور اس موقع پر ٹریفک ڈائیورشن’ ٹریفک مینجمنٹ پلان مشینری وآلات اور سیکٹر آفسز کے بارے میں تفصیلی جائزہ لیا گیا تاکہ تعمیراتی مراحل کے دوران شہریوں کو سفر کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ٹریفک کی روانی رہے۔ تاہم سی ٹی او ناصر جاوید رانا کی ہدایت پر ماس ٹرانزٹ منصوبے کی تعمیر کے دوران جھنگ روڈ کو ایک طرف سے بند کر دیا۔ جھنگ روڈ پر پل چوہلہ سے سدھار بائی پاس کی جانب ہر قسم کی ہیوی اور ہیوی پی ایس وی ٹریفک کو منصور ملنگی روڈ اور جواد کلب کی طرف ڈائیورٹ کر دیا گیا۔ اس طرح سدھار بائی پاس سے شہر کی جانب سے آنے والی ہیوی اور پی ایس وی ٹریفک ٹرکوں اور بسوں کو روشن والا بائی پاس اور امین پور بائی پاس کی طرف ڈائیورٹ کر دیا گیا جبکہ ایل ٹی وی یعنی لائٹ وہیکلز’ کار’ موٹرسائیکل’ رکشے اور چھوٹی ٹریفک کو مشرق سائیڈ سے دو رویہ چلایا جائے گا۔ ائیرپورٹ موڑ سے لیکر سبزی منڈی موڑ تک ٹریفک دو رویہ چلایا گیا ہے۔ تعمیراتی کام کی وجہ سے جھنگ روڈ کی ایک طرف ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی اور روڈ کے درمیان میں سٹریٹ لائٹس کے لیے لگائے جانیوالے بجلی کے پولز بھی ختم کر دیئے گئے۔




