فیصل آباد کی صنعتی ترقی کیلئے ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ری لوکیشن کمیٹی کا قیام

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈویژنل انتظامیہ نے فیصل آباد شہر میں پائیدار صنعتی ترقی اورلانگ ٹرم اربن پلاننگ کے لئے ”ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ری لوکیشن کمیٹی” قائم کردی۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی تحریک پر کمیٹی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔کمیٹی سرکاری سطح پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس، سائزنگ ایسوسی ایشن،اپٹما اور سمال انڈسٹریزسے مشاورت اورجامع سروے کرکے صنعتی یونٹس کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے سلسلے میں سازگار آپریشنل ماحول کی فراہمی بارے تجاویز پیش کرے گی۔علاوہ ازیں مستقبل کے لئے مشترکہ روڈ میپ کی تیاری اور انڈسٹری کو شہر سے باہر صنعتی زونز میں مناسب انفراسٹرکچر،سہولیات اور مراعات کے ساتھ منتقل کرنے کے لئے بھی سفارشات مرتب کی جائیں گی۔منصوبہ بندی کا مقصد فضائی آلودگی،صنعتوں کے آلودہ پانی کی مینجمنٹ،ٹریفک مسائل اور عوامی صحت جیسے چینلنجز سے نمٹنا ہے۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کمیٹی کے کنوینرہونگے۔ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز کمیٹی کے سیکرٹری،ممبران میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن،ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن، ڈائریکٹر لیبر، ڈپٹی ڈائریکٹر تحفظ ماحول،میونسپل آفیسر پلاننگ(میونسپل کارپوریشن)،جی ایم ٹیکنیکل فیڈمک،نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی سے وائس چانسلرکے نامزدنمائندے شامل ہیں۔ کمیٹی رہائشی علاقوں سے فضائی وشور کی آلودگی اور زہریلا کیمیکل زدہ پانی چھوڑنے والی صنعتوں کی رہائشی علاقوں سے منتقلی کے لئے سروے کرے گی۔ صنعت سے وابستہ سٹیک ہولڈرز سے صنعتی زونز میں یونٹس کو منتقل کرنے کے حوالے سے مراعات بارے مشاورت،انڈسٹری کی ری لوکیشن کے حوالے سے جامع اور قابل عمل تجاویز کی فراہمی،صنعتوں کی منتقلی اور مستقبل کی صنعتی ترقی کے لئے اراضی کے حصول اور منتقلی کا پلان وضع کرنا ٹرم آف ریفرنس(ٹی او آرز) میں شامل ہے۔کمیٹی کا پہلا اجلاس بدھ14جنوری کو ڈی جی ایف ڈی اے/کنوینر کی صدارت میں منعقد ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں