فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، نیشنل سیڈ ڈویلپمنٹ اینڈ ریگولیٹر ی اتھارٹی (این ایس ڈی آر اے)اور گرین پاکستان انیشی ایٹو (جی پی آئی)کو قومی بیج پالیسی کی منظوری پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے ایک اہم اور تاریخی کامیابی قرار دیا ہے جو پاکستان کے بیج کے شعبے کو تبدیل کریگی، زرعی پیداوار میں اضافہ کرے گی اور قومی غذائی و غذائیت کی سلامتی میں نمایاں کردار ادا کریگی۔انہوں نے یہ خیالات ڈاکٹر قمر شکیل، ممبر ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ اینڈ پالیسی، این ایس ڈی آر اے کیساتھ ایک ملاقات کے دوران اظہار کیے ۔ اس ملاقات میں نئی منظور شدہ پالیسی کی اہمیت اور پاکستان کے بیج نظام کو جدت، تحقیق، کوالٹی اشورنس اور ریگولیٹری اصلاحات کے ذریعے جدید بنانے میں اس کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے خصوصا وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی وژن، قیادت اور اس پالیسی کو منظوری کے مرحلے تک پہنچانے میں ان کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے این ایس ڈی آر اے اور گرین پاکستان انیشی ایٹو کی خدمات کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا جنہوں نے پالیسی کی تشکیل، جائزے، بہتری اور کامیاب منظوری میں کلیدی کردار ادا کیا۔وائس چانسلر نے ان تمام اسٹیک ہولڈرز کو بھی مبارکباد پیش کی جو قومی بیج پالیسی کی تیاری، تکنیکی جائزے، پیشکش، تدوین، مشاورت اور منظوری کے مراحل میں شامل رہے۔




