قومی پیغام امن کمیٹی کا مقصد مذہبی ہم آہنگی ہے

پشاور(بیورو چیف)چیئرمین پاکستان علمائے کونسل حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ قومی پیغام امن کمیٹی وزیراعظم کی ہدایت اور فیلڈ مارشل کے وژن کے تحت قائم کی گئی ہے، جس کا مقصد ملک میں مذہبی ہم آہنگی، امن اور اتحاد کو فروغ دینا ہے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ کمیٹی میں اقلیتوں کے نمائندوں کی شمولیت نفرتوں کے خاتمے اور باہمی احترام کے فروغ کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ جب بھی پاکستان میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا، تمام مسالک نے متحد ہو کر اس کا سامنا کیا، پشاور چرچ دھماکے کے بعد بھی تمام مکاتب فکر کے علما نے یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں یہ ایک یادگار دن ہے کہ مدارس، مختلف مسالک کی قیادت اور مذہبی رہنما چرچ میں اپنے مسیحی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہوئے۔انہوںنے کہاکہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور پاکستان کی مسلح افواج کے جوان ملک کے امن کے لیے عظیم قربانیاں دے رہے ہیں۔حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ اسلام جبر کا قائل نہیں، نہ کسی کو تلوار کے زور پر اسلام قبول کرانے کی اجازت دیتا ہے اور نہ ہی زبردستی نکاح کی حمایت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی پیغام امن کمیٹی ملک بھر میں یہ پیغام لے کر نکلی ہے کہ پاکستان امن، رواداری اور باہمی احترام کا نام ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں