پشاور(بیورو چیف)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان کی اصل طاقت اسکی عوام ہیں اور قوم کے اتحاد سے ہی ملک مضبوط ہوتا ہے،پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں، شہداء کی قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں، نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ تعلیم، تحقیق اور محنت کو اپنا شعار بنائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چھتر پلین ضلع مانسہرہ میں جامعہ محمدیہ مجددیہ میں شہدائے اسلام و استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقر یب میں حضرت مولانا سید چراغ الدین شاہ، سابق صوبائی وزیر سید احمد شاہ اور پاکستان پیپلز پارٹی ہزارہ ڈویژن کی سینئر قیادت، علماء کرام، سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ علماء اور دانشور معاشرے میں اتحاد، برداشت اور اصلاح کو فروغ دیں، جبکہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور بھائی چارے کا خواہاں رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف ہمیشہ مذاکرا ت اور سفارت کاری کے فروغ پر مبنی رہا ہے۔، جبکہ مسلح افواج نے ہر دور میں ملک کے دفاع کو یقینی بنایا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی مضبوطی، خوشحالی اور قومی یکجہتی کے لیے تمام طبقات کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔




