لائلپور میوزیم کو شہریوں اور فیملیز کی سہولت کیلئے اتوار کے روز بھی کھول دیا گیا

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی ہدایات پر لائلپور میوزیم فیصل آباد کو شہریوں اور فیملیز کی سہولت کے لئے اتوار کے روز بھی کھول دیا گیا ہے۔ گزشتہ اتوار کو بھی میوزیم وزیٹرز کے لئے کھلا رہا جہاں شہریوں کو شہر کی تاریخ، ثقافت اور تاریخی ورثے سے متعلق مختلف گیلریوں کا دورہ کرنے کا موقع ملا۔ ڈائریکٹر لائلپور میوزیم مقبول ملک کے مطابق میوزیم کی خصوصی توجہ کا مرکز 1896 کے تاریخی تناظر میں تیار کی گئی نئی تحصیل لائلپور گیلری ہے جہاں ماضی کے دفتری ماحول اور قدیم انتظامی نظام کو مختلف تاریخی اشیا کے ذریعے پیش کیا گیا ہے۔ گیلری میں اسٹینو فون، پنسل شارپنر، سیاہی دان، مہر، پرانی فوٹو کاپی مشین، قدیم برقی گھڑی، ٹائپ رائٹر، ٹیلی گراف اور دیگر دفتری آلات رکھے گئے ہیں جو ماضی کے دفتری طریقہ کار اور ٹیکنالوجی میں آنے والی تبدیلیوں کی عکاسی کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ لائلپور میوزیم کی دیگر گیلریوں میں فیصل آباد کی تاریخ، آثارِ قدیمہ، قدیم سکے، پنجاب کی ثقافت، روایتی ملبوسات اور سماجی زندگی سے متعلق تاریخی نوادرات بھی موجود ہیں۔ میوزیم کا دورہ شہریوں اور بچوں کو اپنے تاریخی ورثے سے آگاہی حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔لائلپور میوزیم میں داخلہ مفت ہے اور شہری صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک میوزیم کا دورہ کر سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں