لاہور(بیورو چیف)محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب کے ہیڈ آفس لائیو سٹاک کمپلیکس لاہور میں ایک اہم تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں گوشت کی پیداوار اور برآمدات کے فروغ کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔اس موقع پر محکمہ لائیو سٹاک نے چھ معروف میٹ ایکسپورٹر کمپنیوں تاجز میٹ، سید ٹریڈرز، ابدین انٹرنیشنل، خان ڈیری، گو فوڈز اور پیمپکو کے ساتھ شراکت داری قائم کی۔ اس اقدام کا مقصد گوشت کی پیداوار، پراسیسنگ اور برآمدات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق فروغ دینا اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنا ہے۔تقریب میں حکام نے اس بات پر زور دیا کہ یہ شراکت داری نہ صرف کسانوں کی آمدن میں اضافہ کرے گی بلکہ پاکستان کے لیے قیمتی زرِ مبادلہ کمانے کا بھی ذریعہ بنے گی۔




