فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر حیدر علی خان نے ضلع جھنگ کا دورہ کیا۔انہوں نے دفتر ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹا ک جھنگ میں ضلعی انتظامیہ کیساتھ ایک جامع جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ضلع کی مجموعی کارکردگی، مختلف محکما نہ اقدامات، ویٹرنری سروسز کی فراہمی، فیلڈ سرگرمیوں اور جاری ترقیاتی پروگراموں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بعد ازاں ڈاکٹر حیدر علی خان نے ڈسٹرکٹ ڈائیگنا سٹک لیبارٹری جھنگ میں جاری سول ورک کا معائنہ کیا جہاں انہوں نے تعمیراتی کام کی پیش رفت اور معیار کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے معیاری تعمیرات اور منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں اور مفید تجاویز بھی دیں تاکہ کام محکمانہ معیار کے مطابق مکمل ہو سکے۔ڈائریکٹر لائیوسٹاک نے تحصیل جھنگ کے ویٹرنری آفیسرز کے ساتھ پنجاب لائیوسٹاک کارڈ (PLC)پروگرام کے حوالے سے ایک علیحدہ اجلاس کی صدارت بھی کی۔ اجلاس میں ریکوری کی تازہ ترین پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ڈاکٹر حیدر علی خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پنجاب لائیوسٹاک کارڈ کے تحت 100فیصد ریکوری کو ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام زیر التوا ریکوریز مقررہ مدت کے اندر مکمل کی جائیں اور اس مقصد کے لئے موثر فیلڈ مانیٹرنگ، قریبی نگرانی اور باہمی رابطے کے ساتھ اعلی حکام کی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔




