لائیو سٹاک کے ممکنہ طور پر سیلاب سے متاثر ہونیوالے علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپ فعال

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر حکومتِ پنجاب کی ہدایات پر محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ، فیصل آبا د ڈویژن نے ممکنہ طور پر سیلاب سے متاثر ہونے والے علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس مکمل طور پر فعال کر دیئے ہیں تاکہ مویشی پال حضرات کو بروقت اور مثر ویٹرنری سہولیات فراہم کی جا سکیں ۔ ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر حیدر علی خان کی ہدایات کے مطابق محکمہ کا ویٹرنری عملہ فلڈ ریلیف کیمپس میں تین شفٹوں میں خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ ان کیمپس میں سیلاب سے متاثرہ جانوروں کے ہنگامی علاج، فرسٹ ایڈ، حفاظتی ویکسینیشن، بیماریوں کی نگرانی، ضروری ادویات، فنی رہنمائی اور دیگر ضروری ویٹرنری خدمات فراہم کر رہی ہیں تاکہ ممکنہ سیلابی صورتحال کے دوران مویشیوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے اور مویشی پال حضرات کے روزگار کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ محکمہ کی موبائل ویٹرنری ڈسپنسریاں بھی ممکنہ طور پر متاثرہ علاقوں میں پیشگی طور پر متحرک کر دی گئی ہیں تاکہ ضرورت پڑنے پر مویشی پال حضرات کو علاج، ویکسینیشن اور دیگر ضروری ویٹرنری سہولیات فوری طور پر فراہم کی جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں