لانگ مارچ میں فیصل آباد سے 1ہزار کارکن شریک ہونگے

فیصل آباد( سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی نے حافظ نعیم الرحمن کی کال پر پٹرولیم لیوی بھتہ کیخلاف20ستمبرکو ہونیوالے اسلام آباد لانگ مارچ میں شرکت کیلئے تیاریوںکاآغازکردیا۔ فیصل آباد سے بھی ایک ہزار سے مردوخواتین کارکنان شریک ہوں گے۔ضلعی امیر پروفیسر محبو ب الزماں بٹ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ انتظامیہ نے رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی تو کارکنان ہر رکاوٹ کو توڑتے ہوئے ہرصورت اسلام آباد پہنچیں گے۔پرامن احتجاج ہر شہری کاحق ہے۔ مارچ کے آغاز سے قبل لیوی بھتا ختم نہ ہوا تو فیصلہ اسلام آباد کی سڑکوں پر ہوگا۔، پورے ملک سے قافلے نکلیں گے، فارم 47 کے حکمران نوشتہ دیوار پڑھ لیں، عوام کو فوری ریلیف نہ دیاگیاتومارچ حکومت گرائوتحریک میں بدل جائے گا۔اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری محمدسلیم بھی موجودتھے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے غریبوں سے پیٹرولیم لیوی کی مد میں 15 سو 67 ارب روپے اکٹھے کیے ہیں، غریبوں سے جگا ٹیکس لینے والی حکومت بتائے کہ عوام کو صحت اور تعلیم کی بنیادی سہولیات تک کیوں دستیاب نہیں؟ آئی ایم ایف کی شرائط کا بہانہ لگا کر عوام کو لوٹنے والے بتائیں کہ یہ خود اپنی آمدن کا حساب کیوں نہیں دیتے؟ 90 کی دہائی سے لے کر اب تک جتنی بھی حکومتیں آئیں سب سے آئی پی پیز کو نوازا ہے۔ حکمران لیوی وصول کرنے کے بجائے اپنی عیاشیاں کم کیوں نہیں کرتے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں