واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) علاقائی تنازعات اور معرکہ حق میں شکست کے بعد بھارت سفارتی کمزوریوں کے باعث لابنگ فرمز پر انحصار کرنے لگا۔ امریکی تحقیقاتی ادارے اوپن سیکرٹس اور بھارتی جریدہ نے بھارت کی جانب سے امریکا میں لاکھوں ڈالرز کی لابنگ کو بے نقاب کر دیا۔ امریکی تحقیقاتی ادارے اوپن سیکرٹس کے مطابق بھارت نے مسخ شدہ ساکھ کی بحالی کیلئے 2025میں متعدد لابیسٹ ہائر کیے۔ اوپن سیکرٹس کے مطابق بھارتی حکومت نے امریکی لابنگ فرم بی جی آر گروپ کو 4لاکھ 50ہزار ڈالرز دے کر سفارتی ساکھ کو بحال کرنے کی کوشش کی۔ بھارتی جریدہ نے بھی بھارتی حکومت کی جانب سے امریکا میں کی گئی لابنگ کا پردہ چاک کر دیا۔ ذرائع کے مطابق آپریشن سندورمیں (ذلت آمیز شکست کے بعد) بھارت نے امریکا میں لابنگ کے ذریعے ٹرمپ انتظامیہ سے رابطے شروع کیے۔ بھارت نے آپریشن سندور سے متعلق گمراہ کن پروپیگنڈا کی ترویج کیلئے امریکی انتظامیہ سے بھی رابطے کی کوششیں کیں۔ بھارتی جریدے نے مزید بتایا کہ بھارتی وفد نے امریکی انتظامیہ سے ملاقاتوں کیلئے ایس ایچ ڈبلیو لابنگ فرم کی بھی مدد لی۔ بھارت نے ایس ایچ ڈبلیو کو 1.8ملین ڈالر سالانہ اور مرکری پبلک افئیر نامی لابنگ فرم کو75ہزار ڈالرز سہ ماہی پر ہائر کیا۔




