لاہور ہائیکورٹ کا منشیات کے بڑھتے استعمال پر تشویش

لاہور (بیوروچیف) لاہور ہائیکورٹ نے منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ منشیات کا استعمال ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنتا جارہا ہے، اب منشیات سے حاصل ہونیوالا پیسہ دہشت گردی کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے۔جسٹس فاروق حیدر کی سربراہی میں لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے منشیات کیس میں ملزم ملک افتخار تاج کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان رضا تفتیشی افسر کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ پراسیکیوشن کی جانب سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل ہارون الرشید پیش ہوئے۔دوران سماعت عدالت نے منشیات کے استعمال کے معاشرے پر اثرات پر تشویش کا اظہار کیا۔ جسٹس فاروق حیدر نے ریمارکس دیے کہ منشیات کا استعمال ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنتا جارہا ہے۔ اب منشیات کا پیسہ دہشت گردی کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے۔جسٹس فاروق حیدر نے مزید ریمارکس دیے کہ منشیات کی وجہ سے لوگوں کے گھر بک گئے، عزتیں تک بک جاتی ہیں۔عدالت نے منشیات کیس کی تفتیش اور مقدمہ درج کرنے میں تاخیر پر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سے بھی سوالات کیے۔ جسٹس فاروق حیدر نے ڈی آئی جی ذیشان رضا سے مکالمہ کرتے ہوئے استفسار کیا کہ آپ کے زیر سایہ پولیس کیا کررہی ہے؟ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان رضا نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سے منشیات کی برآمدگی درست ہے، تاہم اس کے خلاف مقدمہ دو روز کی تاخیر سے درج کیا گیا۔ڈی آئی جی نے عدالت کو بتایا کہ مدعی مقدمہ اور ایس ایچ او نے جو کچھ کیا، اس کی کوئی وضاحت نہیں کی جاسکتی۔ مدعی مقدمہ عامر اے ایس آئی کا قصور ہے۔ ڈی آئی جی ذیشان رضا نے مزید بتایا کہ مدعی مقدمہ، ایس آئی اور متعلقہ ایس ایچ او نے غیر قانونی اقدام کیا ہے، اسی وجہ سے ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جارہی ہے۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے عدالت کو بتایا کہ تفتیشی افسر کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے اور اسے شوکاز نوٹس بھی جاری کیا جاچکا ہے۔ آپریشن کا مدعی مقدمہ آپریشن ونگ کے ماتحت آتا ہے۔انہوں نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ سی سی پی او کو متعلقہ اہلکار کے خلاف سخت کارروائی کی سفارش کی جائے گی جبکہ کارروائی مکمل کرکے رپورٹ ڈپٹی رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کو جمع کروائی جائے گی۔عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد ملزم ملک افتخار تاج کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کرلی۔ ملزم کے خلاف تھانہ سٹی رائیونڈ میں 1040 گرام ہیروئن برآمد ہونے کا مقدمہ درج ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں