فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سول لائن کے علاقہ ریس کورس روڈ پر تیز رفتار موٹرسائیکل اور لوڈر رکشہ میں تصادم’ شوہر جاں بحق’ بیوی بری طرح زخمی ہو گئی’ ریسکیو1122 نے موقع پر پہنچ کر نعش پولیس کے حوالے کر کے زخمی خاتون کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچا دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مدینہ آباد کا رہائشی 55سالہ محمد اکرم ولد عبدالخالق اپنی 50سالہ اہلیہ زرینہ بی بی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ جب وہ ریس کورس روڈ پر واقع عمر ہسپتال کے قریب پہنچے تو مخالف سمت سے آنیوالے تیز رفتار لوڈر رکشہ سے ٹکرا کر بری طرح زخمی ہو کر گر پڑے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی تو موٹرسائیکل سوار اکرم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار چکا تھا۔ تاہم ریسکیو ٹیم نے ضروری کارروائی کے بعد نعش کو پولیس کے حوالے کر کے زخمی خاتون کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔




